ہم، ہمارا امام، اور ہم سب

سید الاوصیاء سے خاتم الاوصیاء تک
خدا وند متعال نے ہر نبی اور رسول ﷺ کے ساتھ اُس کے وصی کو اُس کا دست راست بنا کر اُس کے ہمراہ کردیا تاکہ وہ اُس کی تبلیغ جو کہ اللہ کی طرف سے دین کا مبلغ ہو اُس کو لے کر آگے بڑھے ۔ اُس کا وصی اُس کی گواہی دیتا رہے چنانچہ جب رسول خدا نے اپنے بعثت کا اعلان کیا تو اُس کے ساتھ ساتھ اپنے وصی کا بھی اعلان کردیا۔ اور یہی نہیں بلکہ ایک نو برس کا بچہ کھڑے ہو کر یہ کہہ رہا تھا کہ اے خدا کے رسول ہم آپ کی ہر طرح سے نصرت و مدد کے لئے تیار ہیں ۔

سید الاوصیاء کا پہلا جملہ اُس وقت زمین سے اُبھر کر ایک روشن نور کی طرح آسمان کی طرف بلند ہوا۔ جب فاتح خیبرو خندق نے اپنی تلوار اپنی نیام میں رکھی اور شہادت رسول کے بعد گوشہ نشینی اختیار کرلی تھی ۔ وہ ذات جس نے تنہا اُحد کو فتح کیا تھا جبکہ سب رسول کو چھوڑ کر بھاگ گئے تھے اُس میں بڑے نام چین افراد تھے جو بز کوہی کی طرح اُچک رہے تھے ۔ وہ جس نے اُحد کے میدان میں اکیلے پورے لشکر کو مغلوب کر کے روند دیا تھا اُس کے گلے میں رسی باندھ کر گھسیٹا جائے اور اُس پر مقداد کا کہنا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا مولا تلوار کیوں نہیں نکالتے ’ابوذرنے کہا مولا علم رکھتے ہیں ‘سلمان نے کہا ،اس کی مصلحت علی علیہ السلام کے علاوہ کون جانتا ہے‘ یہ سب رسول خدا ﷺ کے حواریوں میں سے تھے ۔ وہ علی جو سید الوصيین تھا جس نے بعثت میں وعدہ کیا تھا اُس نے اپنے گلے میں رسی باندھنے والے کو ذبح نہیں کیا بدعا نہیں کی حتٰی کہ ایک وقت وہ بھی آیا کہ جب جناب سیدہ نے کہا کہ بیبیوں آؤ ہم سب مل کر بدعا کریں پہلے باغ فدک کو غصب کرلیا تھا، اور اب علی علیہ السلام کی گردن میں رسی جناب زہرا سلام الله علیہا کے یہ بولتے ہی مسجد کی دیواریں بلند ہونے لگیں تو علی علیہ السلام نے جناب سلمان سے کہا کہ جناب زہرا سلام الله علیہا کو روکیں کہ وہ بد دعا نہ کریں یہ ہوتی ہے وصی کی وصایت۔

وہ ہمارا امام ہم سب کا امام جو سید الوصیین ہے اتنی طاقت رکھنے کے باوجود کتنا ضبط کتنا صبر کہ کوہ گراں اُس کے سامنے روئی کی مانند اُڑ جائیں گے ایسا صابر ایسا ضبط کرنے والا اور ایسا ملت کو بچانے والا یہ سید الوصیین کے علاوہ دوسرا کوئی نہیں ہو سکتا یہ ہمارے مولا علی ابن ابی طالب علیہما السلام کے علاوہ کوئی اور نہیں ہو سکتا۔

جب پہلی منزل ختم ہوئی تو دوسری منزل پر امام حسن علیہ السلام قائم ہوئے ۔ عام طور پر اُن کا ذکر کم ہوتا ہے ، قارئین کرام جناب عدیل اختر صاحب کی ایک گرانقدر کتاب صلح حسن ہے جس کی شباہت صلح حدیبیہ سے ملتی ہے اُس کا مطالعہ ضرور کریں۔ تیسری منزل پر وہ ہے کہ جس کی شہادت کا ذکر افلاک میں گونج رہا ہے ہمارےآخری امام کے سامنے ہر وقت پوری کربلا رکھی ہوئی ہے۔ چوتھی منزل پر ہمارے وہ بیمار امام جس نے کئی ہزار غلاموں کو تعلیم دے کر روات کی صف میں کھڑا کردیا اور مصائب کے طوفان اپنے دوش پر اُٹھا لئے جو انسا ن کے بس میں نہیں کہ اُسے برداشت کر سکے۔ صرف ایک واقعہ اگر ہمارے ذہن میں آجائے تو ہمارا کلیجہ پھٹنے لگتا ہے وہ ذات کہ جو کربلا سے کوفہ، کوفہ سے شام اور شام سے زندان آیا جس کے کانوں میں اپنی بہن کو زندان میں دفن کرتے وقت یہ صدا گونج رہی تھی کہ بھیا ہم کب وطن جائیں گے اُس امام نے غلامو ں کو تعلیم دی کہ جب غلام کو کسی اور نے خریدا تو اُس نے کہا کہ میں آپ کا در چھوڑ کر نہیں جا سکتا اور آپ کے در پر مرگیا۔

پانچواں اور چھٹا امام ہمارا اُس زمانہ میں آیا ہے جب بنی اُمیہ اور بنی عباس کے درمیان حکومت کی خاطر نبَرد آزمائی کی بناء پر اہلبیت علیہم السلام پر کچھ مصائب کم ہوئے تھے ۔ تو اُس میں امام جعفر صادق علیہ السلام نے چھٹی منزل پر فقہ کی تدوین کی خاطر دو مکتب چلتے تھے، ایک مدینہ میں ایک مدینہ کے باہر ۔ تھوڑا سا علم حاصل کرلینے کے بعد حکومت کے لالچی طمع گیر نے اُنہیں کے ایک شاگر د ابو حنیفہ کو اُن کے سامنے کھڑا کردیا اور اُن کو امام اعظم بنا دیا ۔ساتویں منزل اُس کی تھی جس کی ساری زندگی قید خانے میں گذری لیکن سیر ت خود بہ خود اُبھر کر سامنے آتی رہی اور شیعہ قوم کے اندر علم امامت سے تمام جتنے گوشے تھے تبلیغ رسالت کے وہ سب کے سب ایک دم سے روشن ہونے لگے۔ چنانچہ ایک واقعہ ہے:
ایک دن امام علیہ السلام بشر حافی کے گھر کے قریب سے گذر رہے تھے، اس کے گھر سے گانے بجانے کے آوازیں آرہی تھیں، امام علیہ السلام نے دیکھا کہ اس کے گھر سے ایک کنیز کچرا باہر پھیکنے کے لئے آئی ہے۔ امام علیہ السلام نے اس کنیز سے پوچھا: اس گھر کا مالک آزاد ہے یا بندہ؟ کنیز نے کہا: آزاد ہے۔ امام علیہ السلام نے فرمایا: تو نے سچ کہا اس گھر کا مالک آزاد ہے اسی لئے اس طرح کے گناہ کو انجام دے رہا ہے، اگر بندہ ہوتا تو وہ اپنے مالک سے ڈرتا۔ جب کنیز واپس گھر میں داخل ہوئی، تو بشر حافی نے کنیز سے پوچھا کہ تجھے اتنی دیر کیوں ہوئی؟ کنیز نے پورا ماجر اس کو بیان کیا۔ جب بشر حافی نے امام علیہ السلام کے اس کلام کو سنا تو وہ پابرہنہ امام علیہ السلام کی خدمت میں دوڑا اور بڑی پشیمانی اور شرمندگی کے ساتھ امام علیہ السلام سے معافی طلب کرتے ہوئے اس نے توبہ کیا۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ ساتویں منزل پر رسالت کی تبلیغ ان امام معصوم نے ان مصیبت کے ساتھ دی اور لوگوں نے کیسے روند روند کر ان کو پیچھے ڈھکیلا اُس کے باوجود بادشاہت اور ملوکیت کو نیچا کرکے تبلیغ رسالت اُن کے دلوں میں پیوست کردی ۔ آٹھویں منزل وہ ہے کہ جب رات کے اندھیرے میں مامون نے کہا کہ یہ زہر کا پیالہ پی لو ورنہ شمشیر سے قتل کر دئےجاؤ گے میرے مظلوم امام نے زہر کا پیالہ پیا یہ وہ امام ہے جس کی حدیثیں آج تک علماءو ذاکرین کے لئے ہدایت کی راہ روشن کیے ہوئے ہیں جس نے بڑے بڑے مذہبی علماءسے بحث کی اور اُنھیں گھٹنےٹیکنے پر مجبور کردیا۔ آج شاہ خراسان کے در پر ہزاروں دعائیں قبول ہوتی ہیں ۔ نویں امام محمد تقی علیہ السلام جن کا زمانہ نہایت ہی مشکل زمانہ تھا ایک مرتبہ خلیفہ بنی عباس نے بلایا اور سپاہیوں کو کہا جیسے ہی میں کہوں قتل کردینا لیکن ہوا چلی اور پردہ خود بہ خود اُٹھا اُن کی ہیبت کو دیکھ بادشاہ نے بڑی عزت سے بٹھایا ۔ پھر بعد میں لوگوں نے سوال کیا کہ تم نے ہمیں حکم کیو ں نہیں دیا قتل کرنے کا تو بادشاہ نے کہا کہ میں نے دیکھا کہ اُن کے ساتھ ایک اژدہا داخل ہوا اور رسول کہہ رہے تھے کہ اگر تم نے میرے فرزند کے قتل کا حکم دیا تو یہ اژدہا تمہارے پورے دربار کو درباریوں سمیت چبا ڈالے گا۔ امام محمد تقی علیہ السلام کا نواں دور ختم ہو ا اور دسواں دور شروع ہوا ہمارے اسلام کے جتنے بڑے بڑے مفکر ہیں بڑے بڑے مدبر ہیں بڑے بڑے قلم کے ماہر ہیں وہ کیوں نہیں غور کرتے کہ خلیفہ عباسی نے ہمارے دسویں اور گیارہویں امام کو بلاکے محلہ عسکر میں نظر بند کیا آخر کیاوجہ تھی ۔

وجہ یہ تھی کہ جتنے علماء محدثین اور روات تھے جتنے وہ لوگ جو مستقبل کے بارے میں جانتے تھے اُنھو ں نے کہا تھا کہ جب بارہویں امام کا ظہور ہوگا تو خلافت کا پورا تختہ پلٹ جائے گا۔ یہ خوف یہ ہراس یہ دل کی دھڑکن یہ کانپتے ہوئے پیر یہ ذہن کا متلاشی ہونا ۔ اُس سے مجبور حکومت کو انہیں نظر بند کرنا پڑا۔ لیکن کیا وصی رک گیا کیا وصی نے تبلیغ رسالت میں ایک لمحہ برابر بھی کمی کی ۔
ایک مرتبہ خلیفہ عباسی نے امام عسکری علیہ السلام سے کہا کہ آپ گیارہویں وصی ہیں تو آپ کی فوج کہاں ہے تو آپ اُسے ایک پہاڑ پر لے گئے اور کہا نظر اُٹھا کر دیکھ، اُس نے دیکھا کہ چاروں طرف اللہ کا لشکر پھیلا ہوا تھا اور ”وَ لِلّٰہِ جُنُودُ السَّمٰوٰتِ وَ الاَرضِ“ سنائی دے رہا تھا ۔ گیارہویں منزل تک ہم آپ کو لے آئے اب ہم قارئین سے کہیں گے کہ جناب نرجس خاتون سلام الله علیہا کی مصیبت کو تاریخ میں پڑھیں جن کے بطن مبارک سے ہمارے بارہویں امام کی ولادت ہوئی ہے۔ اُس وقت ساری دنیا کا کیا رنگ تھا انسان کی نظروں کو جب چاہے خدا بدل دیتا ہے ہمار ا امام جب متولد ہوا اُس وقت پوری کائنات پر ایک الگ سی روشنی پھیلی، کچھ طائر اوپر سے آئے کچھ روحیں اوپر سے آئیں اور ہمارے امام کی حفاظت کی خاطر اپنے اپنے گروہ کے ساتھ موجود تھے ہماری آنکھیں کیا دیکھ سکتی ہیں ہمارے امام کے محافظوں کو وہ ہمارا مام ہے جب وہ پانچ سال کا ہو ا تو وہ امامت کے منصب پر احکام جاری کرنے لگا ۔ غیبت صغریٰ کا زمانہ ایک کم ستر سال کا ہے اور ڈھائی سو برس گذر جانے کے بعد آپنے اس طرح حکومت کی ہے کہ آج تک حکومت قائم ہے دائم ہے باقی ہے زندہ ہے اور آج بھی ہماری نصرت کر رہا ہے ۔ غیبت صغریٰ جب ختم ہوئی تو آپ نےاپنے آخری نائب سے کہا کہ ہماری غیبت کبریٰ شروع ہو رہی ہے ۔

غیبت کبریٰ کے زمانے میں کب اور کہاں اور کس طرح سے یہ غیبت حضور میں تبدیل ہوتی رہی کوئی نہیں جانتا۔ سید مہدی بحر العلوم کو مال کی ضرورت ہوئی آپ نے مال بھر دیا ، جب حسن حلی کو لکھنے کی ضرورت ہوئی تو آپنے سب کچھ نقل کردیا اور اپنی دستخط کردی، جب شیخ مرتضی ٰ نے کہا جب تک امام نہیں کہیں گے میں کوئی رسالہ نہیں لکھوں گا تو آپ نے آکر کے ایک مسئلہ پوچھا کہ ایک خاتون جس کا شوہر کہیں باہر چلا گیا تھا مدت سے نہیں آیا تھا عورت نے دوسری شادی کرلی دونوں بیٹھے کھانا کھا رہے تھے اور پہلے والا شوہر آگیا تو اب یہ شوہر اُس پر حلال ہے یا حرام ہے تو آپنے کہا ہم نے کبھی ایسا کوئی واقعہ نہیں سنا ہے تو امام نے کہا فرض کرلو کہ ایسا ہوا ہے تو آپنے کہا اُس وقت فورا زوجہ اور شوہر کے درمیان ایک چادر ڈال دینا چاہیے کیو ں کہ وہ شوہر اُس پر حرام ہو گیا ہے ۔ جب اُن کی والدہ محترمہ کے پاس لوگ آئے اور کہا کہ آپ کا فرزند دنیا میں سب سے بڑا عالم ہے تو والدہ نے کہا کہ اُس سے کہو کہ اپنی ماں پر فخر کرے کیوں کہ برف سے ڈھکی راتوں میں بھی کبھی دودھ نہیں پلایا جب تک وضو نہیں کرلیا۔ کیاامام مبین نے جناب مفید کی رہبری نہیں کی ۔

ہم ہمارا امام اور ہم سب کا امام ہم سب پر لطف و کرم کی نظر نہیں رکھتا تو ہم کب کے ختم ہو گئے ہوتے ہم زندہ بھی ہیں طاقتور بھی ہیں اور عرٖصہ حیات میں آگے بڑھتے چلے جا رہے ہیں اُس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارا امام غیبت کے پردے میں رہ کر اس طرح ہے کہ بادلوں کی اوٹھ میں سورج ۔ ہمارا امام پردہ غیبت میں رہ کر بھی ایسا لگتا ہے کہ اُس کا نور میرے قلب میں اُتر رہا ہے ۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کو امامت کے عہدے پر فائز کیا توخدا نے کہا ”لَا یَنَالُ عَہدِی الظّٰلِمِینَ“ اس آیت کے پہلے جملہ پر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی تڑپ امام زمانہ علیہ السلام سے منسلک تھی یا نہیں کہ اپنی ذریت میں امامت کے عہدہ کے سوال کو کتنی بے چینی کے ساتھ اپنے رب کے سامنے رکھ رہے تھے اور خدا کا جواب بھی عجب تھا یہ نہیں کہا کہ یہ عہدہ مظلوم کو ملے گا بلکہ یہ کہا کہ یہ ظالم کو کبھی نہیں ملے گا۔ اس کا مطلب یہ کہ دنیا ظلم وجور سے بھرجائے گی اور جو سب سے زیادہ مظلوم ہوگا اُس کو یہ عہدہ ملے گا۔ یہ بارہ اوصیاء کی زندگی اور سیرت کو اگر پڑھیں تو ایسا لگتا ہے کہ ہر لمحہ سے ظلم کا خون ٹپک رہا ہے ۔

ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے
خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا

ظلم بڑھتا گیا اور امامت کا صبر اُس ظلم کو ہمیشہ روندتا رہا اُس کی ایک قوم ہے جس کے لئے یہ مضمون آئینہ داری کرتا ہے کہ وہ ہم ہیں ہمارا امام ہے ہم سب کا امام ہے ایسی صورت میں جب زندگی چاروں طرف سے مصائب سے گھر جاتی ہے تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے کوئی غیب سے آیا اور اُن مصائب و مشکلات کا حل نکال کر چلا گیا ۔

صرف ایک واقعہ نہیں ہے پوری پوری کتابیں ہیں جن میں علماء نے نقل کیاہے کہ کس طرح سے امام نے مشکلات کو حل کیا۔ یہی نہیں بلکہ ہمیشہ اس بات کی توقع علماء رکھتے رہے کہ ہم جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ ہمارا امام سب کچھ دیکھ رہا ہے، وہ ہمارے دل کی ڈھڑکنوں کو جانتا ہے وہ ہماری نیت کو جانتا ہے وہ ہمارے ذہن کو جانتا ہے وہ ہماری سوچ ہماری فکر ہمارے اعمال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو یہ ہماری قوم آج زندہ نہیں ہوتی۔ یہ زندگی بتا رہی ہے کہ ہما را امام زندہ ہے اور ہماری ہر مشکل میں مدد کر رہا ہے، وہ فرزند مرتضیٰ شیر خدا مشکل کشاء کا بیٹا ہے، وہ منتقم خون حسین علیہ السلام ہے۔ آسان نہیں ہے یہ کہنا مگر اگر یہ سوچو فکر کرو تو معلوم ہوتا ہے کہ کربلا میں جو کچھ بھی واقع ہوا اُس میں سب سے مشکل وقت امام حسین علیہ السلام پر وہ آیا ہے جب آپ علیہ السلام جناب علی اصغر علیہ السلام کی لاش کو لیکر اپنے خیمہ میں آئے اور کہا اُم رباب اپنے بچے کو لے جاو نہ جانے جناب ام رباب کا کیسا کلیجہ تھا جو انہوں نے برداشت کیا، کیسا صبر تھا نہ جانے کیسے سہا ۔اُس ایک ایک لمحہ کا انتقام ہمارے امام لیں گے اور ایسا انتقام لیں گے کہ دنیا کے گوشہ گوشہ میں اُس کی آواز گونج اُٹھے گی۔ وہ کہیں گے کے ابھی تو ہم نے اپنے معصوم علی اصغر علیہ السلام کے ایک قطرہ خون کا بدلہ بھی نہیں لیا ہے۔ اُس وقت دنیا کےگوشہ گوشہ میں الامان الامان کی آواز شرمندگی سے گونج اُٹھے گی ۔

انسان کو ان واقعات سے اپنی زندگی کو سدھارنا چاہیے اور اپنی زندگی میں ایسے اعمال کرنا چاہیے جو امام کو پسند ہو۔ جو ہمارا امام ہے وہ سب کا امام ہے، اگر ہم نادم ہو ں اپنی خطاؤں پر تو وہ ہماری طرف سے خدا سے دعا کرتا ہے، وہ ہمارا امام ہر وقت ہماری سفارش کرتا ہے، خدا کی نعمتوں کی فراوانی کا سبب بنتا ہے ۔ آئیے ہم سب مل کر کےیہ عہد کریں کہ ہم اس قابل بن جائے کہ اپنے امام کو اپنا چہرہ دکھا سکیں، شرمندہ نہ ہوں۔ ہم دیکھتے ہیں کہ کبھی کبھی غفلت کی ہوائیں بھی چلتی ہیں وہ مسموم ہوائیں ہوتی ہے غلط تبلیغات کی ہوائیں ہوتی ہیں لیکن ہمارا امام اُن تمام باطل عناصر کو دبا کر ختم کردیتا ہے۔

وہ منتقم خون حسین علیہ السلام ہے لہذا جب ہم زیارت عاشورہ پڑھتے ہیں اور اُس کے آخر میں پڑھتے ہیں ”أَللّهُمَّ ارْزُقْنی شَفاعَةَ الْحُسَیْنِ یَومَ الْوُرُودِ“ یعنی جب میں قبر میں جاوں تو آقا حسین علیہ السلام قبر میں میری شفاعت کریں گے ۔ وہ فرزند حسین علیہ السلام ہیں اپنے چاہنےوالوں کو ہمیشہ محفوظ رکھتا ہے وہ ہمارا امام ہے ہم سب کا اامام ہے۔