قارئین اس سے پہلے کہ ہم ا صل موضوع کی طرف رجوع کریں ضروری سمجھتے ہیں کہ کچھ چیزوں کی وضاحت خاص طور سے اپنے بچوں اور جوانوں کے لئے کردی جائیں تاکہ اصل عنوان مضمون پر بحث میں تکلیفوں کا سا منا نہ کرنا پڑے۔
حضرت امام جعفر صادق نے مفہوم غیبت کو اس طرح بیان فرمایا ہیں:
یَرَوْنَہٗ وَلَا یَعْرِفُوْنَہٗ
”لوگ انہیں دیکھیں گے لیکن پہچانیں گے نہیں۔“
(کمال الدین، ج ٢، باب ٣٣، ح ٤٦)
اس تعریف سے ایک بات تو واضح ہے کہ غیبت میں حضرت ہمارے اور آپ کے درمیان ہیں۔ ہم انہیں دیکھتے ہیں لیکن پہچانتے نہیں نہ یہ کہ آپ کہیں دور کسی جزیرہ خضراء وغیرہ میں تشریف رکھتے ہیں، بلکہ موضوع کی اور وضاحت کرتے ہوئے مولائے متقیان نے ا رشاد فرمایا: جیسا کے برادران یوسف انہیں دربار میں دیکھ تو رہے تھے لیکن پہچان نہیں رہے تھے۔ علماء اخلاق نے اس جملے کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا ہے۔ برادران یوسف کی نہ پہچاننے کی وجہ ان کا ظلم و ستم تھا جس کی وجہ سے وہ انہیں پہچان نہیں پا رہے تھے۔ اور چونکہ ہم اور آپ بھی اپنے اعمال قبیح کی وجہ سے حضرت کی ناراضگی کا سبب بنتے ہیں۔ اسی لئے ہم بھی حضرت امام زمانہ کو دیکھتے ہوں گے لیکن پہچانتے نہیں ہیں کیونکہ اسی کتاب گرانقدر کمال الدین میں حضرت امام جعفر صادق کی وہ روایت بھی ملتی ہے جس میں حضرت امام جعفر صادق کا ارشاد گرامی ہے:
”… کہ وہ لوگوں کے پاس سے بازاروں میں گزریں گے اور فرش پر لوگوں کے ساتھ بیٹھیں گے اور لوگ انہیں نہ پہچانیں گے جب تک خدا اجازت نہ دے وہ اپنے آپ کو پہچنوائیں…“
(کمال الدین و تمام النعمۃ، اردو ص۳۴۸، ح۲۱)
قارئین امید ہے ابھی تک کی بحث سے حدیثوں کی روشنی میں مفہوم غیبت کے ساتھ ساتھ اس شبہ کا بھی ازالہ ہوگیا ہوگا کہ اس غیبت میں حضرت امام زمانہ ہمارے درمیان ہی میں ہیں اور کسی ا جنبی جگہ یا خطے میں نہیں اوپر دی گئی دلیلوں کے علاوہ سیکڑوں علماء ومراجع ،تاجر اور عام لوگوں کی حضرت سے ملاقات کی وہ داستانیں ہیں کہ جنہیں زیادہ تر ملاقات کے بعد اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ ہم نے یوسف زہرا کو پاکر بھی کھو دیا۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ یوسف زہرا ہمارے درمیان ہی زندگی بسر کررہے ہیں۔ امام زمانہ کو کسی مکان سے منسوب کرنا، وہ کسی جزیزہ پر ہیں یا کسی وادی میں زندگی بسر کر رہے ہیں اس سے ان کی غیبت کے مفہوم پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وہ خدا کی حجت ہیں جو زمان اور مکان کی قید سے ماورا ہیں ۔ لہذا آپ کی غیبت اور آپ کی حضوری ایسی ہے جیسے سورج بادلو ں کی اوٹ میں ہوتا ہے جیسے آپ حاضر ہوکر بھی غائب ہیں اور غائب ہوکر بھی حاضر ہیں۔ یہ طولانی عرصۂ غیبت اس بات پر دلالت کرتی تو ہے کہ وہ غائب ہیں لیکن ان کی زیارت سے مشرف ہونے والے معتبر افراد کی گواہی ان کی حضوری کو ثابت کرتی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس غیبت میں ان کی حضوری کی راہ میں تقوی و پرہیزگاری درکار ہے۔ لہذا غیبت سے حضوری کی نفی نہیں ہوتی حضرت ہمارے درمیان موجود ہیں ہماری مدد کرتے ہیں ہماری باتیں سنتے ہیں فرق یہ ہے کہ بس ہماری آنکھوں میں وہ صلاحیت نہیں ہے کہ ہم انہیں دیکھ سکیں۔
غیبت صغریٰ حضرت امام زمانہ جس کی شروعات ۲۶۰ ہجری سے ۳۲۹ہجری تک تقریباً ۶۹سال میں حضرت کے چار نائبین خاص تھے جو لوگوں کے سوالات حضرت امام زمانہ تک لے جاتے تھے اور حضرت سے اس کا جواب لے کر چاہنے والوں تک پہنچاتے تھے۔ جو جوابات حضرت سے آتے تھے۔ انہیں توقیع کہا جاتا تھا۔ ا ن توقیعات کے مضامین تو حضرت امام زمانہ کے بارے میں لکھی گئی معتبر کتابوں مثلا بحار ا لانوار علامہ مجلسی جلد ۵۱، ۵۲، ۵۳ غیبت نعمانی محمد بن ابراہیم نعمانی، غیبت شیخ طوسی، نجم الثاقب اور خود کتاب شریف کمال الدین و تمام النعمۃ شیخ صدوق میں مل جائیں گے لیکن ان کا عکس یا فوٹو کاپی یا اصل تک ہماری دسترس نہیں یا دوسرے الفاظ میں ہمارے لئے میسر نہیں۔ علماء نے اس کی وجوہات کچھ اس طرح بیان کی ہے۔ کہ اس وقت کے سیاسی حالات اس بات کی اجازت نہیں دے رہے تھے کہیں انہیں جمع کیا جائے اگر حکمرانوں کو علم ہوجاتا اور اس کا ثبوت مل جاتا کہ حضرت کا فلاں چاہنے والا آپ سے خط و کتابت کررہا ہے تو اسی وقت اس کا معاملہ تمام کردیتے۔ بہرحال ان توقیعات میں حضرت امام زمانہ نے کئی توقیعات جناب شیخ مفید علیہ الرحمہ کے نام بھی لکھی ہیں: جن کی عظمت و جلالت کے لئے جہاں وہ القاب ہیں جن سے حضرت نے آپ کو مخاطب کیا ہے ایہا الشیخ الکبیر الاخی وہیں وہ رباعی بھی کافی اہمیت رکھتی ہے جس میں حضرت نے غمزدہ انداز میں اظہار تعزیت کیا ہے۔ اس کے علاوہ حضرت جناب زہرا سلام اللہ علیہا نے رات میں خواب میں دو بچوں کو آپ کے سپرد کیا اور فرمایا ان کی تربیت کرو اور …دوسرےدن مادر سید رضی (مؤلف نہج البلاغہ) اور سید مرتضیٰ جن کا نام بھی فاطمہ تھا اپنے دو بچوں کو لے کر آپ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور شیخ مفید کے حوالے کیا جو پائے کے علماء میں شمار ہوتے ہیں۔ ذیل میں ہم انہیں توقیعات میں سے ایک توقیع کے اقتباسات کو نقل کریں گے جو کتاب شریف کمال الدین کی جلد ۲ میں توقیعات کے متعلق جو حصہ ہے اُس میں نقل کی گئی ہے:
(۱) ہم تمہاری تمام باتوں سے پوری طرح با خبر ہیں اور تمہاری کوئی خبر ہم سے پوشیدہ نہیں
قارئین حقیقت یہ ہے کہ اگر ہمیں اور آپ کو حضرت امام زمانہ کے ان جملوں پر یقین ہوجائے تو ہمارے زیادہ تر نہیں بلکہ سارے مسائل حل ہوجائیں۔ حالانکہ اس ترقی یافتہ دور میں ان چیزوں پر یقین کرنا آسان ہوگیا ہے۔ جہاں لوگ سی سی ٹی وی گھروں میں نصب کرکے موبائل سے کنکٹ کر لیتے ہیں تو ساری چیزیں اپنے موبائل پر دیکھتے رہتے ہیں۔ یا اپنے چاہنے والوں کے موبائل فون آپس میں ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرلیتے ہیں۔ تو ایک دوسروں کے مقام سے کہ وہ کہاں پر ہیں آگاہ ہوسکتے ہیں۔ جو واقعا کافی مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ لیکن ان چیزوں کی دسترس میں محدودیت پائی جاتی ہے تعداد کو لے کر اور کیفیت کو لے کر بھی یہ ساری چیزیں ظاہری عملی مصروفیات کا پتہ تو بتا سکتی ہیں۔ لیکن ذہنی کیفیت یا باطنی چیزوں کی خبر دینے سے قاصر ہیں۔ حضرت امام زمانہ ظاہری اور باطنی دونوں قسم کی تمام چیزوں سے اپنے تمام چاہنے والے، تمام لوگوں سے آگاہ ہیں۔ جس کا ثبوت وہ سیکڑوں واقعات ہیں جن میں حضرت نے چھپے ہوئے رازوں کو آشکار کیا ہے۔ ہم ذیل میں چند کا ذکر کرنا اپنی سعادت سمجھتے ہیں گے تاکہ مؤمنین کے یقین میں اضافہ ہو۔
(الف) حضرت امام زمانہ کا ایک متقی و پرہیزگار شخص کے خواب میں آنا۔ اس کے دوست کے بارے میں سوال کرنا۔ دوست کا خاموشی اختیار کرنا۔ اس پر حضرت امام زمانہ کا خبر دینا کہ میں اس کے اعمال و کردار سے بہت خوش ہوں لیکن اس کا اپنے بھائیوں کی غیبت کرنا مجھے بہت تکلیف پہنچاتی ہے۔ معذرت چاہوں گا جب میں نے یہ واقعہ پڑھا تھا تو سوچ رہا تھا۔ حضرت امام زمانہ نے شائد ہمیں یہ پیغام بھیجا ہے۔
(ب) کتاب امام عصر میں یہ واقعہ نقل ہے ایک شخص بہت دور سے فاصلہ طے کرکے حضرت ابا عبداللہ الحسین کے حرم میں زیارت کی غرض سے داخل ہوا۔ حضرت امام زمانہ نے اسے پانی پلایا اور پھر اس سے بہت ہی چبھتا ہوا جملہ کہا ہمارے چاہنے والوں کو ہمارے ظہور کی اتنی بھی پیاس نہیں جتنی تم کو ابھی پانی کی پیاس تھی۔ قارئین محترم حضرت امام زمانہ امت کے ایک آدمی کی ظاہری پیاس کی خبر نہیں رکھتےبلکہ ا مت کی باطنی پیاس سے بھی آگاہ ہیں۔
(۲) ہم تمہاری حفاظت و سرپرستی میں کوتاہی نہیں کرتے اور نہ ہی تمہاری یاد کو بھلاتے ہیں
قارئین ان محبت بھرے جملوں کو ذرا اپنے دل کی گہرائی سے محسوس کرنے کی کوشش کریں۔ حقیقی محبت کا ایک بہت ہی بھاری گرانقدر جملہ ہے جس میں ذرہ برابر بھی مبالغہ آرائی سے کام نہیں لیا گیا ہے بلکہ واقعی ایسا ہے۔ ہمارا بڑے بڑے مسائل سے آسانی سے باہر آجانا، بلاؤں کے دور سے نکل جانا، نعمات خداوند عالم سے مالا مال ہونا خاص طور سے ایسی نعمات جس کے ہم مستحق بھی نہیں تھے، ان کا حاصل ہوجانا۔ اچھے والدین، بیوی بچے، بہترین و با عزت طریقے سے رزق فراوان کا حاصل ہونا۔ خود کے صحیح و سلامت اعضاء بدن کا حاصل ہونا۔ پھول جیسے بچے حاصل ہونا۔ وغیرہ وغیرہ سب کے سب حضرت امام زمانہ کی نہ صرف دعاؤں کا اثر ہے بلکہ حضرت امام زمانہ عملی طور پر بھی ایسے اسباب و مواقع پیدا کرتے ہیں کہ ہمیں نعمتیں حاصل ہوجاتی ہیں اور بلائیں ہم سے دور ہوجاتی ہیں۔
(۳) تم میں سے ہر ایک کو ا یسے اعمال ا نجام دینا چاہئے جو ہماری محبت سے نزدیک کردے اور ان باتوں سے پرہیز کرنا چاہے جو ہماری ناراضگی اور غیض و غضب کا سبب ہوں ہمارا ظہور یکبارگی ہوگا
حقیقت یہ ہے کہ ہمارے نیک اعمال کی قلت اور برے اعمال کی کثرت نے ہمیں اللہ ،رسول اور امام سے دور کر رکھا ہے۔ علماۓ اخلاق فرماتے ہیں ہمارےاعمال ہر ہفتے میں ایک بار یا دوبار حضرت امام زمانہ کی بار گاہ میں پیش ہوتے ہیں۔ حضرت اچھے اعمال کو دیکھ کر دعا کرتے ہیں اور بُرے اعمال کو دیکھ کر غمزدہ ہوتے ہیں۔ ہم ذیل میں ایک واقعہ نقل کرتے ہیں۔
(الف) سید ابن طاؤس علیہ الرحمہ کتاب دیدار نور میں نقل کرتے ہوئے فرماتے ہیں میں نے ایک دفعہ حضرت امام زمانہ کو خانہ کعبہ کا غلاف پکڑ کر دعا کرتے سنا۔ ایک ایک چاہنے والے کا نام لیتے تھے۔ اس کے اچھے اعمال کا واسطہ دے کر دعا کرتے تھے۔ پروردگار اس کے ثواب میں اضافہ فرما۔ اور ایک ایک گناہ کے عوض رو رو کر دعا کرتے تھے پروردگار اس کے دل میں میرے آباء و ا جداد کی محبت ہے تجھے ان آباء و اجداد کی محبت کا واسطہ اس کی گناہوں کو معاف کردے۔
قارئین سچ بتائیے ہم حضرت امام حسین ، شہداء کربلا و اسیران کربلا، مظلومیت ائمہ معصومین کے غم میں رونے اور ان کے آخری فرزند کے ساتھ مل کر بدلہ لینے کے لئے پیدا کئے گئے ہیں یا وارث ائمہ ومعصومین وارث انبیاء مخصوصاً وارث الحسین کو رلانے کے لئے؟ ہم میں ا تنے محبت کرنےوالے امام کو رلانے کی سکت و طاقت نہیں ۔ دل چاہتا ہے شب جمعہ بس آنے والی ہے حضرت امام زمانہ سے گڑ گڑائیں مولا ہمیں معاف کردیجئے۔
آخر میں قارئین حضرت امام زمانہ کا وہ جملہ کہ ہمارا ظہور یکبارگی ہوگا کہ ذیل میں واقعہ نقل کرکے ا ختتام تک پہنچادیں۔
روز جمعہ بعد نماز جمعہ ایک جوان سوگیا تھا۔ ا ٹھا تو دیکھا تکیہ کا غلاف پورا بھیگا ہوا تھا والدہ نے پوچھا بیٹا خیریت تو آج اتنی رال گری۔ لڑکے نے جواب دیا نہیں میں نے خواب ایسا دیکھا جو خدا کبھی سچ نہ کردکھائے۔ ماں نے کہا خواب تو بتاؤ ایسا نہیں کہتےلڑکے نے بتایا کہ میں نے خواب دیکھا کہ حضرت امام زمانہ کا ظہور ہوگیا ہے۔ میں اور بھائی دونوں حضرت امام زمانہ کے خیمے تک پہنچے دربان نے نام ولدیت کے ساتھ لیا اور اندر اجازت کے لئے گیا بھائی کو حضرت امام زمانہ نے بلالیا۔ مجھ سے کہا تمہارے اعمال ہمارے ساتھ شمار ہونے جیسے نہیں ہیں میں روتا جاتا تھا۔ معافی مانگتا جاتا تھا۔ لیکن حضرت نے مجھے قبول نہیں کیا۔
قارئین کہیں یہ رونے والے بچے کے جیسا سلوک خدا نخواستہ ہمارےساتھ نہ ہو۔ آئیے بارگاہ خداوند عالم میں حضرت امام زمانہ کے ظہور کی دعا اس دعاکے ساتھ کریں کہ ہمیں بھی ویسا بنا دیں جیسا حضرت امام زمانہ ان کے ساتھ شمار ہونے والوں کو چاہتے ہیں۔
غیب کی تطبیق میں ایک راز درون الہی ہے اس راز کی کلید متقی پرہیزگاروں اور اعلی مرتبہ پر فائز مومنین کے پاس رہتی ہے اور حضرت امام زمانہ اُن سے تماس کرتے ہیں اس کی بنیاد پر آج بھی توقیع مبارک کی کتابیں موجود ہیں جو آپ کی غیبت اور آپ کی حضوری دونوں کی گواہی دیتی ہیں۔ آ خر میں قارئین کے لئے یہ پیغام ہے کہ امام زمانہ غائب بھی ہیں اور حاضر بھی ہیں اور دونوں صورتوں میں اُنکا پیغام جاری و ساری ہے لہذا اُن سے غفلت نہ برتی جائے اُن کی یاد دل میں ہر وقت تازہ ہو تو اُن کی غیبت حضوری میں تبدیل ہونے میں وقت نہیں لے گی ۔آمین