مداوائے پشیمانی

دنیا تمام آفات و بلایات سے بھری ہوئی ہے۔ان آفات و بلایات سے محفوظ رکھنے کے لیے خداوند متعال نے اپنے بندوں کے لیے تمام اسباب مہیا فرما دیے ہیں۔ خدا وند عالم نے خاتم الانبیاء محمد مصطفیﷺ کی تبلیغات دینی کے لیے قرآن میں اعلان فرما دیا ہے کہ اے میری مخلوق اگر تم ہمارے قول کو سنجیدگی سے سنو گے اور اس کے اوپر بھرپور عمل کرو گے تو تم کو اس بلاؤں سے بھری ہوئی دنیا میں کوئی نقصان پہنچا نہیں سکتا۔ اور اسی کے ساتھ اپنی کتاب مبین میں یہ بھی فرما دیا کہ میں تم کو آزماؤں گا۔انسان اپنے رب سے سوال کرنے کا حوصلہ اور اختیار بھی رکھتا ہے اے میرے معبود، میرے خالق! آخر یہ آزمائش کیوں ہے؟اور کیسی ہے؟ اور کہاں تک رہے گی؟ تو قرآن نے جب اس کو بشارت دے دی تو جواب مل گیا کہ یہ دنیا کی زندگی عارضی ہے، دائمی نہیں ہے اور ہم نے بشر کو اپنی تمام مخلوقات سے بڑا اور اشرف بنایا ہے اور اس آزمائش میں درجات رکھے ہیں ۔ اس دنیا میں آزمائش اس لیے ہے کہ بشر اس قابل بن جائیں کہ جب وہ دائمی زندگی میں داخل ہو تو اس قابل ہو جائے ایسی حیثیت بنا لے ایسا وزن بنا لے ایسی اشرفیت کا مالک ہو جائے ایسا ظرف رکھے اور اس طرح سے چلے کہ اُسے دیکھنے والے ا زخود کہیں کہ یہ اشرف المخلوق ہے۔
تو بر بنائے این الطاف الٰہی نے تعلیمات کے لیے خاتم الانبیاء تک اور خاتم الانبیاء سے خاتم الاوصیاء تک کے اپنا ہادی اس زمین پر مقرر کر دیا تاکہ وہ بہکنے سے اور خطاکاری سے گناہوں سے اور بدکاریوں سے تعصب سے خود پرستی سے بچتا رہے اور خدا پرستی کرتا رہے۔ ان تعلیمات کے ہوتے ہوئے بھی چونکہ انسان مختار بنایا گیا ہے اور اس دنیا میں خود پرستی کےلاکھوں بام و در کے جھروکے قائم کر دیے ہیں اور اس کو بلاؤں سے بھر دیا ہے اس کے حملے ہوتے رہتے ہیں وہ بشر جو نیک خو ہوتے ہیں جو خوبان محبوب ہوتے ہیں وہ بہکتے بھی ہیں گرتےبھی ہیں سنبھلتے بھی ہیں اپنی منزل کی طرف جاتے بھی ہیں اس کے باوجود ماحول جب آزمائش کے دور میں آجاتا ہے تووہ خطاوں کا مرتکب بھی ہوجاتا ہے۔
جب انسان خطاوں کا مرتکب ہوجاتا ہے تو اُس کی فطرت کی گہرائیوں سے اس کی نیکیا ں تقاضا کرتی ہیں کہ یہ تم نے جو گناہ کیا ہے جو بدکاری کی ہے جو مخالفت خداوندکی ہے یہ جو قانون خدا کے مخالف کام کیا ہے اس پر تم کو پشیمان ہونا چاہیے اور اللہ سے ڈرنا چاہیے ۔
جیسا کہ بہادر شاہ ظفر بادشاہ نے کہا :
ظفر آدمی اس کو نہ جانئے گا، وہ ہو کیسا ہی صاحب فہم و ذکا
جسے عیش میں یاد خدا نہ رہی، جسے طیش میں خوف خدا نہ رہا
انسان ٹھوکریں کھاتا ہے لیکن سنبھلنےکی طاقت رکھتا ہے جب وہ سنبھلتا ہے تو فطرت کی آواز کہتی ہے کہ اپنے خالق کے سامنے عفو کی درخواست کرو جب وہ عفو کی درخواست کرتا ہے اور انسان اپنی اصالت کی طرف نیکیوں کی طرف پلٹتا ہے تو اس کو تمام تکلیفیں اٹھانی پڑتی ہیں اس کی تکلیفوں کو دیکھ کر کے خدا کی رحمت جھومتی ہے چنانچہ جب ہم نماز شب میں ”العفو“ کہتے ہیں تو فرشتےان لفظوں کو خدا کے سامنے پیش کرتے ہیں اور خدا اس سے خوشنود ہوتا ۔
جیسے کہ حضرت یونس ، مچھلی کے پیٹ سے انہوں نے آواز دی ظلمات کی گہرائیوں کے اند ر سے کہ تیری ذات پاک ہے إِنِّي كُنتُ مِنَ الظَّالِمِينَتو خدا کتنا رحیم اتنا کریم ہے کہ وہ کہتا ہے فَاسْتَجَبْنَا لَهُ وَنَجَّيْنَاهُ مِنَ الْغَمِّ
میں نے فورا اس کو بخشا اور اسی طرح میں اپنے ان بندوں کو جو اپنی خطا پر شرمندہ ہوتے ہیں پشیمان ہوتے ہیں انہیں معاف کر دیتا ہوں اور انہیں ایک اچھی زندگی کی طرف متوجہ کر دیتا ہوں اور انہیں صراط مستقیم پر گامزن ہونے کی توفیق عطا کرتا ہوں۔
ایسے واقعات تاریخ میں بھرے پڑے ہیں اور انہیں کا سہارا لے کر خاتم الانبیاء محمد مصطفیﷺ کے زمانے سے دو تین مثالیں دے کر مضمون کو آگے بڑھاتا ہوں ۔
پہلا واقعہ
ایک شخص رسول خداﷺ کے پاس آیا اور اس نے کہا کہ اے اللہ کے رسول میں بہت بڑا گنہگار ہوں اور جہنم کے علاوہ میرے لیے کوئی راستہ نہیں ہے لیکن چونکہ آپ اللہ کے رسول ہیں اور میں نے یہ بھی سنا ہے کہ آپ رحمت للعالمین بن کے آۓ ہیں تو میرا یہ پیغام اللہ تک پہنچا دئے کہ میری تکلیف میری پریشانیاں کیا ہیں تو رسول خداﷺ نے ارشاد فرمایا اے شخص بتا آخر تونے ایسا کیا کیا ہے کہ جس سے تو اتنا پریشان ہے کہ تیری ہڈیاں لرز رہی ہیں کانپ رہی ہیں اس نے کہا کہ ایک بہت خوبصورت عورت تھی میں اُس پر عاشق ہو گیا تھا مگر وہ مر گئی جب وہ مر گئی تو میں اندیھری رات میں وہاں گیا جہاں وہ دفن تھی اور میں نے ہمت کر کے اس کی قبر کھودی اور اس قبر سے اُس کو نکالا اس سے مرتکب جرم ہوا لیکن جب مرتکب جرم ہونے کہ بعد وہاں سے نکلا تو مجھے ایسا لگا کہ جیسے جہنم کے آگ کے شعلے مجھے اپنی آغوش میں لے رہے ہیں ایک گرمی سی محسوس ہونے لگی لگتا تھا کہ دوزخ کی آگ مجھے کھینچ رہی ہے اور مجھ پر عذاب نازل ہونے والا ہے تو میں نے کہا کہ اس سے بچنے کے لیے جتنی بھی سانسیں باقی ہیں اپنے رحمت العالمین کے پاس جا کر کے یہ بیان کر دوں۔
رسول خداﷺ نے کہا کہ تو میرے پاس سے دور ہٹ جا اس لیے کہ تیرے وجود سے یہاں بھی جہنم کی اگ کے شعلے دکھائی دے رہے ہیں وہ شخص چلا گیا اور خود کو ایک درخت سے باندھا اور کہا کہ اے مالک جب تک تو مجھے معاف نہیں کر دے گا میں اپنے کو یہاں سے نہیں ہٹاؤں گا اور وہ وہاں پر استغفار کرتا رہا روتا رہا استغفار کرتا رہا روتا رہا یہاں تک کہ وہ بالکل لاغر ہو گیا تھا ۔جب کچھ دن گذ ر گئے تو اُس نے دیکھا کوئی سامنے سے ا ٓرہا ہے اس کی آنکھیں کمزور ہوگئیں تھیں لیکن اُسنے قدموں کی آہٹ سے محسوس کیاکہ کوئی آرہا ہےجب وہ شخص قریب آیا تو اس نے سوال کیا اے شخص تو کیوں آیا ہے؟ اس شخص نے کہا مجھے رسول خدا، رحمت للعالمین، محبوب خدا، خاتم الانبیاء نے تمہارے پاس بھیجا ہے اے شخص تو اپنے کو آزاد کر لے تو نے اپنی پشیمانی کا جتنا اظہار کرنا تھا کرلیا تو نے آزمائش کے جتنے درجات تھے اُس سب کو عبور کرلیا ہے اب تجھے خدا نے معاف کر دیا ہے ۔
یہ پشیمانی کا مداوا تھا جس پر خدا نے اُس کو اپنی بارگاہ میں واپس پلٹا لیا اور اُسے معاف کردیا۔
دوسرا واقعہ
ہم درمیان کے سینکڑوں واقعات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کربلا کا رخ کر رہے ہیں ۔ کربلا دنیا کے تمام مسائل کا حل ہے کربلا انسانیت کی ساخت کا ایک سب سے بڑا مکتب ہے انسانیت کو عروج دینے کے لیے کربلا سے زیادہ کوئی شے کوئی واقعہ ایسا نہیں ہے کہ جو اس کے سامنے آ سکے حتی کہ روایت میں ہے کہ حشر کے دن پوری کربلا سامنے ا ٓجائے گی لہذا ہم اس کی طرف رخ کر رہے ہیں۔ شب عاشور کی اندھیری رات تھی اور یزید کے لشکرمیں سب اپنے اپنے خیموں میں آرام کر رہے تھے کہ صبح کو جنگ ہے۔لیکن ایک فرد ایسا تھا کہ جو کبھی اٹھا کبھی بیٹھا کبھی ٹہلا جب اس کے بیٹے نے پوچھا بابا آپ کی کیا حالت ہے آپ کے چہرے پہ پسینہ آرہا ہے آپ کے ہاتھ پاؤں کانپ رہے ہیں آپ لرز رہے ہیں آپ کی حالت غیر ہو رہی ہے آپ شجاع بہادر اور صاحب شمشیر ہیں لیکن خوف سے ایسا لگتا ہے کہ جیسے آپ کی جان نکل جائے گی تو اس شخص نے اپنے بیٹے سے کہا کہ :
پانی پانی کا ادھر شور ہے شرماتا ہوں
بچے روتے ہیں تو غیرت سے مرا جاتا ہوں
ہمارے اس بیان سے قارئین محترم سب جان گئے ہونگے کہ یہ واقعہ جناب حر کا ہے۔ ابھی آفتاب کی پو نہیں پھٹی تھی ابھی صبح کاذب تھا ابھی صبح ہونے میں آفتاب کی کرنوں کے پھیلنے میں کچھ وقت باقی تھا لمحہ لمحہ صدیوں کے برابر حر پر گذ ر رہا تھا اس نے اپنی آنکھ پر پٹی باندھی اپنے غلام کو بھائی بیٹے کو لیا اورلشکر اعداء کی زنجیروں کو توڑتا ہوا حسین کے قدموں میں جا گرا۔ امام حسین نے بازو پکڑ کرا نہیں اٹھا یا، حر نےکہا میں گہنگار ہوں میں آپ کے بچوں کے العطش العطش کا ذمہ دار ہوں میرے آقا کیا میری خطا معافی کے قابل ہے۔ہم قارئین سے کہیں گےکہ اگرامام حسین کی معرفت ہے تو امام حسین کو سمجھو امام حسین کی زندگی حیات طیبہ ولادت سے شہادت تک کے ایک رابطہ زمین سے آسمان تک قائم کیے ہوئے تھا ۔جب آپ پیدا ہوئے تو لوح فاطمہ سلام اللہ علیہا ا آئی ہے۔
امام حسین نے بازو پکڑ کر کہا اے حر کیا اچھا نام تیرا تیری ماں نے رکھا ہے تو اس دنیا میں بھی آزاد ہے اور آخرت میں بھی آزاد ہے۔ہم اس واقعہ سے ایک دعوت فکر دیتے ہیں کہ حر کی امید کا چراغ تو جل رہا تھا کہ اگر میں امام حسین کے پاس جاؤں گا تو ہو سکتا ہے یہ بلاؤں کا سمندر خود بخود پیچھے ہٹ جائے گا یہ جو دیواریں ہمارے سامنے ہیں وہ سب گر جائیں گی بام و در کے دھوکے ختم ہو جائیں گے۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ حر نے جب یہ کہا کہ کیا میری خطا معاف ہو سکتی ہے تو کیا نہیں جانتے ہو کہ یہ حسین ہیں، امام حسین مشکل کشا کا بیٹا ہے اس کے پاس مشکلات کا حل ہے آج نماز شب میں ہم العفو کی تسبیح پڑھتے ہیں اے اللہ مجھے معاف کر دے اگر کلیجے کی رگیں ٹوٹیں دل کی گہرائی سے آواز نکلے اور العفوکا مطلب سمجھیں اور اس کو حر کے واقعے کے آئینے میں دیکھیں تو خدا کتنا خوشنود ہوتا ہے کہ وہ اپنے بندے کو بہت چاہتا ہے اور وہ اس کے تمام تکلیفوں کو معاف کر دیتا ہے اور وہ انسان کو دنیا میں بھی بشارت دیتا ہے اور آخرت میں بھی بشارت دیتا ہے اور یہ دنیا جب صبح ہوتی ہے نماز کے بعد اٹھتا ہے اور اپنے گلشن کی طرف دیکھتا ہے تو کہتا ہے کہ:
جب دکھاتی ہے سحر عارض رنگیں اپنا
کھول دیتی ہے کلی سینۂ زریں اپنا
میری امیدوں کی کجا میرے دل کی کلی کھل جاتی ہے اور یہ ذہن سے میں کہتا ہوں کاش کہ اللہ مجھے اپنے عافیت میں رکھے اور ہمارے خاندان کو عافیت میں رکھے اس لیے کہ ہم جب کہتے ہیں العفو العفو العفو تو ایسا لگتا ہے کہ ایک سلسلہ ہےفرشتوں کا جو زمین سے آسمان کی طرف جا رہا ہے اور خدا کی بارگاہ میں کھڑے ہوکے کہتا ہے بندہ بڑی بے تابی کے ساتھ تجھے یاد کر رہا ہے اے پروردگار اس کو زندگی کی بہترین بشارتیں دے دے ۔
مداوائے پشیمانی کا میعار جو حر کے ساتھ حادث ہوا اب اس میعار کو جب انسان سامنے رکھتا ہے تو اس کو ہوش میں یاد خدا رہتی ہے اور جوش میں خوف خدا رہتا ہے ۔
ہم ہماری قوم ہماری ملت امام حسین کی شیدائی ہے امام باڑےسجے ہوئے ہیں علماء و ذاکرین کی تعلیمات عام ہو رہی ہیں ۔
سب سے بڑی چیز یہ ہے کہ تعلیمات قرآنی اور سیرت اہل بیت﷨ ہمارے سامنے ہمیشہ بیان ہوتے رہتے ہیں ہماری ملت کا ایک ایک بچہ اپنے امام زمانہ سے واقف ہے۔ جو شخص رسول خداﷺکے پاس گیا تھا اس شخص کے مقابل میں اگر ہم اپنے کورکھیں اور اپنے امام کو اپنے سامنے دیکھیں اور اپنے امام سے کہیں یا امام مجھ سے یہ خطا ہوئی ہے یہ گناہ ہوا ہے یہ ارتکاب ہوا ہے اور اس طریقے سے ظلم ہوا ہے کیا آقا میری خطائیں معاف ہو سکتی ہے؟ میرا آقا والد الشفیق ہے وہ چاہتا ہے اس کہ محبوں کو معاف کر دیا جائے وہ اس کے لیے دعا کرتا ہے اور ان کی دعا ہمیشہ مستجاب ہوتی ہے۔
ہم ہمیشہ اپنی خطاوں پر پشیمانی کا اظہار کرتےرہیں یہی پروردگار کی رحمت کا باعث بنے گی اور یہی صاحب غیبت کی بارگاہ میں حضوری کا سبب بھی ۔ ہم سب مل کر دعا کریں کہ پروردگار ہماری ساری خطاؤں کو درگذ ر فرما اور ہمیں امام زمانہ کے لشکر میں شامل کر ۔ الہی آمین