تقوی ،تقوی کے مختلف مراحل، عشق و محبت ،مودت عشق و محبت کا بلند ترین درجہ، ترک محرمات ،انجام واجبات، اتصال روحی و قلبی ،دو طرفہ محبت، معرفت ، ہر وقت امام کو یاد کرنا ،لوگوں کے درمیان امام کے نام کی تبلیغ و اشاعت ، امام کے نام کو عظیم شمار کرنا ، امام سے دوری اور ان کی غربت پر گریہ کرنا اور حزن و اندوہ کا مظاہرہ کرنا، امام کے ظہور کی تعجیل کے لیے صبح و شام دعا کرنا ، عبادتوں کے ثواب کو ان کے نام پر ہدیہ کرنا قرآن کی قرات اور عمل ان حضرت کی نیابت میں، زیارت عاشورہ اور زیارت جامعہ کبیرہ اور نماز شب کی تکرار، امام زمانہ کی زیارت اور خاص کر ان سے وارد ہونے والی دعاؤں کا پڑھنا، ان کے جد بزرگوار کی عزاداری، ان حضرت کے اچھے اور مخلص شیعہ اور محب واقعی کو پسند کرنا اور ان کا احترام کرنا ، ان حضرت کے شیعوں کی مدد کرنا اور مشکلات کو حل کرنا ۔
ارتباط کی راہیں
امام زمانہ سے ارتباط کی راہیں اور ذریعہ کی ایک فہرست اوپر لکھی گئی ہے ان الفاظ و کلمات کی توضیح و تشریح ذیل کی سطروں میں بیان کی جائیں گی البتہ تمام الفاظ و عنوان کی تشریح اس مختصر مضمون میں امکان پذیر نہیں ہے اس لیے بعض کی تشریح ہوگی اور بعض الفاظ و کلمات اور جملہ سرسری طور پر بیان ہوں گے۔
اس بات کی طرف توجہ ضروری ہے امام زمانہ کی معرفت اور ان حضرت پر ایمان اور پھر اُس پر ثابت قدم رہنا ہر چیز پر مقدم ہے کیونکہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہمارے زمانے کے امام سے پہلے کے دور میں ایسے لوگ گزرے ہیں جو خود اماموں کے دور میں رہے ہیں اور ان حضرات کے سامنے زندگی گزاری ہے لیکن چونکہ وہ لوگ خدا کے ان چنندہ افراد کی معرفت اور ایمان نہیں رکھتے تھے ان حضرات سے بہرہ مند نہ ہوئے بلکہ ان کی مخالفت کی ہے اور ان کا انکار کیا ہے ہمارے مضمون میں گنجائش نہیں ہے کہ ان افراد کا تذکرہ کریں البتہ تاریخ و مذہب کی معلومات رکھنے والے ان لوگوں سے اور ان کی خباثت و بدکاریوں سے خوب واقف ہیں ۔امام علی ابن ابی طالب کے دور سے بارہویں امام کے دور تک کی تاریخ کا مطالعہ کریں گے تو ایسے مخالفین اور منکرین کی ایک طولانی فہرست سامنے آئے گی۔
خلاصہ
اب ہمیں کیا کرنا چاہیے کہ ہم اپنے زمانے کے امام کو خوب پہچانے ان پر ایمان رکھیں اور ان سے مربوط رہیں؟ رابطہ عربی زبان کا لفظ ہے اور اردو و فارسی میں بھی خوب مستعمل ہے اس کی جمع روابط ہے اور اس کے معنی جڑے رہنا وابستہ ہونا وہ چیز جو دو لوگوں یا دو چیزوں کو آپس میں جوڑتی ہے یا ارتباط پیدا کرتی ہے دو لوگوں یا دو چیزوں کے درمیان لگاؤ اور محبت کو بھی رابطہ کہا جاتا ہے۔عربی زبان میں ارتباط باب افتعال کا مصدر ہے باب افتعال میں آنے والے الفاظ مختلف معنی رکھتے ہیں مثلا کوشش وہ مبالغہ ارتبط زید المہدی، زید نے مہدی سے رابطہ کیا بڑی زحمت و کوشش کے ساتھ یا زید نے زیادہ رابطہ کیا۔
(عربی و فارسی کی ڈیکشنری ملاحظہ ہو)
تذکر
امام مہدی سے زیادہ سےزیادہ رابطہ کی خاطر دل و جان سے کوشش کرنا، اس راہ میں زحمت برداشت کرنا غیبت کے زمانے میں ہماری ذمہ داریوں میں سے ایک ذمہ داری ہے۔ یہ بھی توجہ رہے کہ رابطہ یا ارتباط صرف بالمشافہ ملاقات یا خواب میں ملاقات سے مراد نہیں ہے بلکہ ان اعمال کی بجا آوری ہے جن کے ذریعے معرفت و محبت و ارتباط روحی و قلبی دونوں جانب سے اپنا اثر دکھائے ۔مثلا ہم اگر امام زمانہ سے رابطہ اور ارتباط پیدا کریں تو امام کی جانب سے بھی اس کا اثر دکھائی دے۔ اگر غور کریں تو معلوم ہوگا کہ ہم خود دنیا میں اتنا زیادہ مشغول ہیں اور خود کو ہر چیز کا ماہر سمجھتے ہیں اس لیے امام سے رابطہ نہیں کرتے یا کم کرتے ہیں یا غافل ہیں مثلا محمد ابن عیسی بحرینی کی ملاقات میں ملاحظہ فرمائیں کہ امام زمانہ نے اہل بحرین کی کس طرح مدد کی اور ان کے ارتباط کو ضائع نہ ہونے دیا اور یہ بھی قابل غور ہے کہ اہل بحرین نے حاکم سے تین دن کا وقت مانگا تھا شاید کوئی جواب لا سکیں پھر انہوں نے بحرین کے علماءمیں سے دس نفر کا انتخاب کیا اور پھر ان میں سے تین لوگوں کو چنا، صحرا میں بھیجا کہ امام زمانہ سے استغاثہ کریں دو روز کچھ نہ ہوا اور جب تیسرے روز محمد ابن عیسی صحرا میں گئے اور وہ بھی ننگے سر اور ننگے پیر رات کی بے حد تاریکی میں اور پھر دعا ءو گریہ کیا اور متوسل ہوئے اور امام زمانہ سے استغاثہ کیا رات کے آخری حصے میں رابطہ قائم ہوا اور امام نے راہ حل بیان فرمائی محمد ابن عیسی اور حاکم بحرین اور اس کے وزیر کی داستان انار کے سلسلے میں مختلف شیعہ کتابوں میں نقل ہوئی ہے ملاحظہ ہو۔
(بحار الانوار ، ج ۵۲، ص ۱۷۸، باب ۲۴، طبع مکتب الاسلامیہ تہران)
تذکر
اس واقعہ میں جو بات قابل غور ہے وہ یہ کہ اہل بحرین جب متعصب وزیر اور حاکم کی سازش میں گرفتار ہوئے تو امام زمانہ سے رابطہ کیا اور ان لوگوں نے حاکم سے تین دن کی مہلت مانگی اور تیسرے دن امام زمانہ نے ان کے مسئلے کو حل کیا شیخ احمد کافی ایک مشہور ذاکر و خطیب تھے ان کی کیسٹ آج بھی دستیاب ہیں تہران کےمہدیہ امام بارگاہ کی بنیاد آپ ہی (متوفی ۲۱ جولائی ۱۹۷۸) نے رکھی ہے اور آپ مشہد میں خواجہ ربیع کے قبرستان میں دفن ہوئے ہیں۔ آپ نے محمد ابن عیسی کی داستان میں ایک عجیب جملہ بیان کیا جو کہ قابل غور ہے۔
محمد ابن عیسی کو جب مسئلے کا حل مل جاتا ہے تو امام سے گریہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں مولا آپ پہلے دن ہی ہماری مدد کر سکتے تھے آپ نے تین دن کیوں لگایا امام نے فرمایا اے محمد ابن عیسی اگر تم حاکم کے دربار میں مجھے آواز دیتے یا صاحب الزمان ادرکنی تو میں اسی وقت تمہاری مدد کو آتا۔
توجہ
امام زمانہ سے رابطہ کرنے میں ہم غفلت برتتے ہیں ورنہ امام تو ہر وقت ہماری مدد کرنے کو تیار ہیں۔ امام نے اسی واقعے میں فرمایا:
أَنَا صَاحِبُ الْأَمْرِ فَاذْكُرْ حَاجَتَكَ
”میں صاحب الامر ہوں اپنی حاجت مجھ سے بیان کرو ۔“
غور کریں کہ ہم کب اپنے اچھے اور برے حالات میں اپنے امام کی طرف رجوع کرتے ہیں ہمارا رابطہ امام سے کتنا مضبوط ہے۔
ہمارے گذشتگان اپنے زمانے کے امام کو سماج و معاشرے میں حاضر پاتے تھے ان کی خدمت میں حاضر ہوتے اور ہدایت کی راہوں کو تلاش کرتے ان کے پر فیض حضور میں معارف الہی سے سیراب ہوتے تھے اور ان کےوجود کی برکت سے اپنے مسائل کو حل کرتے تھے لیکن افسوس کہ ہم اس غیبت کے زمانے میں اپنے زمانے کے امام سے رابطہ قلبی و روحی کی راہوں کو نہیں کھولتے ہم حضرت یوسف کے بھائیوں کی طرح خطا کار ہیں جبکہ ہم جانتے ہیں کہ یوسف زہرا سب سے برتر ہیں اور ہر چیز پر قدرت رکھنے والے ہیں :
قَالُوا۟ تَاللّٰهِ لَقَدْ اٰثَرَكَ اللّٰهُ عَلَيْنَا وَإِن كُنَّا لَخَـٰطِـِٕينَ
”خدا کی قسم کہ خدا نے آپ ( امام زمانہ ) کو ہم پر فضیلت و برتری دی ہے اگرچہ ہم خطا کار ہیں۔“
(سوره یوسف، آیت ٩١)
کیسی فضیلت و برتری؟
خدا نے حضرت امام زمانہ کو وہ قدرت و طاقت عطا کی ہے کہ ہمارے لمحہ لمحہ کے حالات سے باخبر ہیں اسی لیے شیخ مفید رضوان اللہ تعالی علیہ کو لکھا:
فَإِنَّا نُحِيطُ عِلْماً بِأَنْبَائِكُمْ وَ لاَ يَعْزُبُ عَنَّا شَيْءٌ مِنْ أَخْبَارِكُمْ
”پس ہم تمہارے احوال و اخبار سے باخبر ہیں اور تمہارے حالات سے کوئی چیز ہم سے پوشیدہ نہیں ہے ۔“
)کلمۃ الامام المھدی، ج۱، ص ۱۹۰(
امام کتاب مبین ہیں امام مبین ہیں ان کے دل ظرف مشیت خدا ہیں امام حسن العسکری نے ایک طولانی حدیث میں فرمایا:
قُلُوبُنَا أَوْعِيَةٌ لِمَشِيَّةِ اَللَّهِ فَإِذَا شَاءَ شِئْنَا
”ہمارے دل ظرف مشیت خدا ہیں جو وہ چاہتا ہے ہم چاہتے ہیں ۔“
(بحار الانوار، ج ۲۵، ص ۳۳۶)
یہ حدیث بعض کتابوں میں اس طرح آئی ہے:
نحن اوعیۃ مشیۃ اللہ
”ہم ظرف مشیت خدا ہیں ۔“
اس کا مطلب یہ ہے کہ امام اللہ کی مرضی کو جانتے ہیں اور اُس کی رضا پر راضی ہیں ۔ جو اللہ چاہتا ہے یہ وہی چاہتے ہیں اور وہی کرتے ہیں۔
تذکر
یہ فضیلت و برتری پیغمبر اکرمﷺ کو خدا کی طرف سے ملی ہے ائمہ ہر چیز پر قدرت رکھتے ہیں۔ مرحوم آیت اللہ علامہ حاج شیخ علی نمازی شاہرودی قدہ سرہ نے ایک کتاب ”اثبات الولایت“ لکھی ہے اور اس کتاب میں پیغمبر و ائمہ کی ولایت تکوینی کے ذیل میں بہت سے واقعات درج کیے ہیں۔ اس میں حبابہ والبیہ کا واقعہ نقل کیا ہے فرماتے ہیں کہ حبابہ والبیہ حضرت امیر المومنین کے پاس آئیں اور امامت و خلافت برحق الٰہی کی نشانی طلب کی۔ امام علی نے ایک پتھر کے ٹکڑے کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اسے میرے پاس لاؤ۔ حبابہ نے اس پتھر کو امام کو دیا، حضرت نے اپنی مبارک انگوٹھی کو اس پتھر پر رگڑا تو انگوٹھی نے اس پتھر پر اثر کیا اور ایک نقش اس پر ظاہر ہوا۔ پھر حضرت نے فرمایا لوگوں میں جو بھی امامت کا دعوی کرے اور میری طرح اس پتھر پر انگوٹھی کو رگڑے اور اثر ظاہر ہو، وہ امام حق ہے۔ حبابہ والبیہ امام حسن امام حسین، امام سجاد یہاں تک کہ امام رضا تک پہنچی اور امامت کی نشانی کی تصدیق کی۔ یہاں یہ بات بھی نقل کرنا ضروری ہے کہ جب امام سجاد کی خدمت میں پہنچی تو اس وقت ان کی عمر ۱۱۳ سال پہنچ چکی تھی امام سجاد نے اپنی شہادت کی انگلی سے حبابہ کی طرف اشارہ کیا تھا تو حبابہ پھر سے جوان ہو گئیں تھی ۔
(اثبات ولایت، ص ۱۳۹ تا ۱۴۴، تفصیل سے بیا ن )
توجہ
اسی حدیث میں حبابہ کو امام رضا نے بشارت دی ہے کہ میرے فرزند حضرت مہدی کے زمانے میں دنیا میں پلٹو گی یعنی رجعت کرو گی، امام سے رابطہ کی ایک بہترین مثال ہے ۔ اے کاش امام زمانہ سے ہمارا رابطہ بھی ایسا ہی ہو اور حضرت اپنی عنایات سے ہمیں فیضیاب کرتے رہیں ۔
کیوں
ایک سوال ذہن میں اُبھرتا ہے کہ کیا صرف ہمارے علماء جیسے شیخ صدوق ،شیخ جعفر ابن محمد ابن قولویہ قمی، شیخ مفید، سید ابن طاوس ،مقدس اردبیلی ،مرحوم مرزا مہدی اصفہانی ،مرحوم آیت اللہ نائینی ،حاج شیخ علی اکبر نہاوندی ،سید بحر العلوم وغیرہ ہی صاحب معرفت و تقوی اور عشق و محبت و مودت اور ہر وقت امام کو یاد کرنے والے تھے، لوگوں کو امام کی طرف بلانے والے تھے، امام کی غیبت پر گریہ کرنے والے تھے، قرآن کی قرأت اور امام کی نیابت میں عمل کرنے والے تھے جو ان سے امام زمانہ نےملاقات کی اور دوسرے اس عظیم نعمت سے محروم ہیں اور محروم رہیں گے؟ نہیں ہرگز ایسا نہیں ہے ۔علماء کے علاوہ عوام سے امام زمانہ رابطہ کرتے رہے ہیں اور آج بھی رابطہ کر رہے ہیں اور ظہور تک یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔
ہم خود اس بات پر غور کریں کہ ہم کتنا امام سے محبت کرتے ہیں اور کس قدر ان حضرت کو اپنی ہر چیز میں مقدم رکھتے ہیں افسوس کے ساتھ یہ لکھنا پڑ رہا ہے کہ ہم شیعہ ہی آپس میں ایک دوسرے سے نہ صرف اختلاف رکھتے ہیں بلکہ دشمنی اور کینہ کی حد تک چلے جاتے ہیں ہمارے دل ایک دوسرے سے ملتے نہیں ہیں جبکہ امام زمانہ دلوں کے اکٹھا ہونے کی کو اپنی ملاقات کا رابطے کا سبب بتاتے ہیں شیخ مفید علیہ الرحمہ کو ایک توقیع میں لکھتے ہیں:
لَوْ أَنَّ أَشْيَاعَنَا وَفَّقَهُمْ اَللَّهُ لِطَاعَتِهِ عَلَى اِجْتِمَاعٍ مِنَ اَلْقُلُوبِ فِي اَلْوَفَاءِ بِالْعَهْدِ عَلَيْهِمْ لَمَا تَأَخَّرَ عَنْهُمُ اَلْيُمْنُ بِلِقَائِنَا وَ لَتَعَجَّلَتْ لَهُمُ اَلسَّعَادَةُ بِمُشَاهَدَتِنَا عَلَى حَقِّ اَلْمَعْرِفَةِ وَ صِدْقِهَا مِنْهُمْ
” اگر ہمارے شیعہ کہ خدا انہیں اطاعت کی توفیق عطا کرے وفا و عہد کی راہ میں ان کے دل اکٹھا ہوتے تو ہماری ان سے ملاقات میں تاخیر نہ ہوتی اور ہماری ملاقات و دیدار کی سعادت جلدی ان کے نصیب میں آتی اور یہ سعادت ملاقات ہمارے سلسلے میں ان کی سچی معرفت کی بنیاد پر ہے۔“
)کلمۃ الامام المھدی، ج۱، ص ۲۰۰(
اس توقیع پر دقت سے نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ امام زمانہ سے ملاقات اور رابطہ کی شرطیں واضح ہیں:
۱۔ دلوں کا آپس میں ملنا (یعنی ایک دوسرے کا احترام ہو اپس میں اتحاد ہونا )
۲۔امام سے جو عہد و پیمان کیا ہے اس پر باقی رہنا (ولایت و محبت کا مظاہرہ )
۳۔ملاقات کی سعادت سچی معرفت کی بنا پر ہے۔( ہم معرفت تو رکھتے ہیں لیکن اس معرفت کے بھی درجات ہیں)
۴۔ظہور میں تاخیر کی وجہ آپس میں متحد نہ ہونا ہے۔
۵۔ امام کے دوستوں سے پریشانیوں کو دور کرنا :
جب بات دل کے اکٹھا ہونے کی آئی ہے تو یہ بھی غور کرنے کی بات ہے کہ ہم امام کو راضی و خوشنود کیسے کریں کیا ہم دوسرے مومن کی پریشانیوں میں پریشان ہیں اور ان کی پریشانیوں کو دور کرنے کے بارے میں کبھی سوچتے ہیں یہ امام زمانہ سے قربت اور ارتباط کا بہترین راستہ ہے خاص کر جب کوئی مومن ا ٓکر ہم سے اپنی پریشانی بیان کرے تو ایک مومن کا دوسرے مومن سے اپنی پریشانی میں سوال حقیقت میں خدا کی طرف سے ایک امتحان ہے اس شخص کے لیے جو مومن اور اہل بیت کا چاہنے والا ہے برادر مومن کے سوال کو خدا کی جانب سے رحمت جاننا چاہیے۔
امام کاظم جو باب الحوائج کے لقب رکھتے ہیں مرض بیماری میں شفا کے لیے انہی کا واسطہ دے کر دعا مانگنا چاہیے فرماتے ہیں :
مَنْ أَتَاهُ أَخُوهُ اَلْمُؤْمِنُ فِي حَاجَةٍ فَإِنَّمَا هِيَ رَحْمَةٌ مِنَ اَللَّهِ تَبَارَكَ وَ تَعَالَى سَاقَهَا إِلَيْهِ فَإِنْ قَبِلَ ذَلِكَ فَقَدْ وَصَلَهُ بِوَلاَيَتِنَا وَ هُوَ مَوْصُولٌ بِوَلاَيَةِ اَللَّهِ
”جس کے پاس کوئی بندہ اپنی حاجت دور کرنے کے لیے آئے گویا اللہ نے اس بندے مومن کے ذریعہ اس کے پاس اپنی رحمت کو بھیج دیا ہے اگر اس شخص نے مومن کی ضرورت پوری کرنے کی حامی بھر لی تو حقیقت میں اس شخص نے ہم اہل بیت کی ولایت کا حق ادا کیا ہے وہ ولایت جس کا سلسلہ خدا کی ذات پر ختم ہوتا ہے۔“
( اصول کافی، با ب قضاء حاجت المومن، ح ۱۳؛ بحار الانوار، ج ۷۱، ص ۳۱۲)
تذکر
آج کا زمانہ ایسا آگیا ہے کہ مومن تو درکنار اپنے سگے بھائی بہن ماں باپ اور رشتہ داروں کی پریشانیوں کی طرف توجہ نہیں دی جاتی۔ کیا امام ایسے شخص سے رابطہ کریں گے عام رحمت سے وہ فیضیاب ہوتا ہے لیکن امام کی خاص رحمت سے محروم ہے۔
بہرحال امام زمانہ سے رابطہ کی راہ خود کے اندر محاسن اخلاق کا پیدا کرنا معرفت امام کو بلندی تک پہنچانا امام کی راہ میں خدمت اور ان حضرت کا نام نامی اسم گرامی عوام تک پہنچانا اور یتیمان آل محمد کی دیکھ ریکھ کرنا اور آپس میں متحد اور دل کا اکٹھا کرنا ہے ۔ہم اپنے برے کردار کی وجہ سے امام سے دور نہ ہوں اور انہیں رنجیدہ نہ کریں امام خود فرماتے ہیں :
فَمَا يَحْبِسُنَا عَنْهُمْ إِلاَّ مَا يَتَّصِلُ بِنَا مِمَّا نَكْرَهُهُ وَ لاَ نُؤْثِرُهُ مِنْهُمْ وَ اَللّٰهُ اَلْمُسْتَعٰانُ
”پس ہم سے ان لوگوں کو کوئی چیز دور نہیں کرتی مگر ان کے وہ کردار جو ہم کو ناپسند و کراہیت آمیز ہیں۔ اُن سے اس طرح کے کردار کی توقع نہیں رکھتے اور خدا تو مدد کرنے والا ہے۔“
(بحار الانوار، ج ۵۳، ص ۱۷۷)
قارئین کرام ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جو امام زمانہ سے مربوط ہے اور اس کا ذکر معاشرے کے ہر فرد میں پایا جاتا ہے لیکن ارتباط کی ریسمان مضبوطی سے پکڑنے کے لیے اس معاشرے کے ہر فرد کا طریقہ ہے کہ وہ خود پرستی سے گریز کرتے ہوئے خدا پرستی کی طرف ہر وقت مائل رہے اور جب وہ خدا پرستی کی طرف مائل ہوگا تو وہ اپنے امام کی معرفت کی روشنی سے اپنے قلب کو منور کرتا رہے گا۔ اگر ایسا ہے تو معاشرے کا ایک ایک فرد دوسرے فرد کے مشکلات اور اس کے مسائل سے بھی بھرپور واقفیت رکھے گا۔ ہمارا امام یہی تو کہہ رہا ہے کہ اگر ہمارے چاہنے والے آپس میں ایک دوسرے سے متصل اور متحد رہیں تو ہمارے ظہور میں تعجیل کے تمام اسباب مہیا ہو سکیں گے۔ اللہ ہم سب کو توفیق دے کہ ہم اپنے امام کے ایسے چاہنے والے بن جائیں جن کے لیے رجعت کی نوید کے لئے غیب سے آواز آرہی ہو ۔